کاروار ،21 / جون (ایس او نیوز) ریاستی کانگریسی حکومت کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے انتخابی وعدے میں 'انّا بھاگیہ اسکیم" کے تحت بی پی ایل کارڈ والوں کو 10 کلو چاول مفت فراہم کرنے کی جو گارنٹی دی تھی اسے پورا کرنے کے لئے ضروری اضافی چاول مرکزی حکومت کی طرف سے فراہم نہیں کیا جا رہا ہے اور اس اسکیم کو لاگو کرنے میں جان بوجھ کر رکاوٹ پیدا کی جا رہی ہے ۔
اس مسئلے پر کانگریس پارٹی نے کل ریاست گیر پیمانے پر جو احتجاجی مظاہرے کیے اسی سلسلہ کی کڑی کے طور کانگریسیوں نے کاروار ، اڈپی اور منگلورو میں بھی احتجاج کیا جس میں مرکز میں بر سراقتدار بی جے پی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی اور مرکزی حکومت کے غریب دشمن و عوام دشمن رویہ کی مذمت کی گئی ۔ کاروار کے سبھاش سرکل پر منعقد کیے گئے احتجاجی مظاہرے میں کانگریس ضلع صدر سائی گاونکر نے خطاب کیا ۔ اور کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت نے ریاستی حکومت کو گارنٹی دی گئی اسکیم لاگو کرنے سے روکنے کے لئے اضافی چاول فراہم نہیں کر رہی ہے مگر وزیر اعلیٰ سدا رامیا بھی ہر حال میں اپنا وعدہ پورا کرنے کی ضد پر آ گئے ہیں اور انہوں نے ریاست تلنگانہ سے چاول منگوانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس موقع پر ایم ایل اے بھیمنّا نائک ، کاروار - انکولہ ایم ایل اے ستیش شائل کے علاوہ دیگر کانگریسی لیڈران اس موقع پر موجود تھے ۔
اسی طرح منگلورو کے منی ودھان سودھا کے روبرو دکشن کنڑا ضلع کانگریس کمیٹی کے طرف سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ سابق وزیر بی رما ناتھ رائے نے مظاہرین سے خطاب کیا اور اضافی چاول فراہم نہ کرنے کی مرکزی حکومت کی پالیسی کو عوام مخالف اور غریب عوام کے پیٹ پر لات مارنے کے برابر قرار دیا ۔ اس موقع پر سابق راجیہ سبھا رکن بی ابراہیم، سابق ایم ایل سی ہریش کمار، سابق وزیر ابھئے چندرا جین، سابق ایم ایل اے جے، آر لوبو اور دیگر کانگریسی لیڈران موجود تھے ۔
اڈپی میں کانگریس بھون سے برہماگری تک جلوس نکالا گیا اورسرکل پر پہنچ کر جلسہ منعقد کیا گیا ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر ونئے کمار نے مرکزی حکومت کی پالیسی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کے پاس افغانستان کی طالبانی حکومت کو سپلائی کرنے کے لئے 20 لاکھ ٹن میٹرک ٹن چاول تو موجود ہے مگر ریاست کرناٹکا کے غریب عوام کے لئے مفت اسکیم لاگو کرنے کے لئے ضروری چاول ان کے پاس موجود نہیں ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس معاملے میں مرکزی وزیر برائے کاشتکاری شوبھا کرندلاجے رکاوٹیں پیدا کر رہی ہیں ۔
اڈپی ضلع کانگریس صدر اشوک کمار، کے پی سی سی جنرل سیکریٹری ایم اے غفور کے علاوہ ادئے کمار شیٹی ، پرساد راج ، دنیش ہیگڈے جیسے لیڈروں نے بھی خطاب کیا ۔
اس موقع پر کانگریس کے اہم مقامی لیڈران اور کارکنان بڑے تعداد میں موجود تھے ۔